06 جون ، 2016
پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے ملک بھر میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ۔
کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک 1437ہجری کا چاند واضح طور پرنظر آگیا ہے،جسے ملک بھر میں دیکھا گیا ہے،لہذٰاکل بروز منگل 7 جون 2016ء کو پہلا روزہ ہوگا ۔
انہوں نےپشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا ایک ہی دن چاند دیکھ کر ملک بھر میں رمضان المبارک ایک ساتھ شروع کرنے پر کئے گئے تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔
مفتی منیب الرحمان کا کہناتھاکہ پاکستان میں اتحاد کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کا خیر مقدم کریں گے،ماہ مقدس میں عبادات کے دوران پانی کی قلت دور کرنے کے لئے دعائیں کی جائیں گی ۔
قبل ازیں لاہور ،اسلام آباد ،کراچی ،حیدرآباد ،کوئٹہ ،پشاور ،قصور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات زونل رویت ہلال کمیٹیوں کو موصول ہوئیں ،جنہوں نے اپنے طور پر چاند نظر آنے کی تصدیق بھی کی ۔
جیو ٹی وی نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ناظرین کو رمضان المبارک 1437ھ کا چاند نظر آنے کا سب سے پہلے اعلان کیا ہے۔
جیو اور جنگ گروپ نے اہل پاکستان کو رمضان المبارک کے ماہ مقدس کے آغاز پر مبارکباددی ہے۔