11 جون ، 2016
راجا زاہد اختر خانزادہ......امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرڈیلس میں سونے کے پاکستانی تاجر کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا،قتل ہونے والے 42سالہ تاجر سید شیخ کا تعلق کراچی سے تھا۔
پاکستانی تاجر ڈی ایف ڈبلیو ایئر پورٹ کے قریب واقع شیل گیس اسٹیشن پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود چند افراد نے سید شیخ کی گاڑی کو توڑنا پھوڑنا شروع کر دیا،اپنی گاڑی کو بچانے کے لئے سید شیخ جوں ہی ان کے نزدیک آیا تو ان غنڈوں نے سید شیخ کو زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال لیا اور فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق سید شیخ کو زبردستی گاڑی میں ڈالا گیا اورانہیں اغواء کر لیا گیا ، فرار کے وقت سید شیخ کا جسم ادھا گاڑی کے اندر اور آدھا جسم باہر تھا۔واردات کے بعد پولیس کو وقوع سے چند میل دور سید شیخ زخمی حالت میں مل گیا جسے پارک لینڈاسپتال منتقل کیا گیا تاہم سید شیخ اسی دوران جاں بحق ہوگیا ۔
ہیوسٹن میں مقیم سید شیخ کے بہنوئی ریاض علی کا کہنا ہے کہ مقتول کے والدین میت کو لینے کراچی سے امریکا کے لئےروانہ ہو گئے ہیں،وہ اتوار کو امریکا پہنچ جا ئیں گے۔ریاض علی نے مزید تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ مقتول اوشین مال میںسونے کی تجارت کرتے تھے،وہ ڈیلس میں سونےکے نئے آرڈر کےحصول کیلئے آئے تھے وہ طویل عرصے سے اس پیشے سے منسلک تھے،سید شیخ حال ہی میں کراچی سے امریکا پہنچے تھے۔
مقامی پولیس مختلف سمتوں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔