10 جون ، 2012
ماسکو … روس نے کہا ہے کہ شام میں صورتحال مکمل خانہ جنگی کے دہانے تک پہنچ چکی ہے۔ مقامی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاورف نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شام خانہ جنگی کے دہانے تک پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ سال صدر بشارالاسد کے خلاف بغاوت کے بعد اب تک ایک اندازے کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دریں اثنا ء مغربی دمشق کے علاقے میں روسی ماہرین کو لے جانے والی بس پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تاہم حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ روسی شہریوں اور ماہرین پر شام میں یہ پہلا حملہ نہیں ،گزشتہ روز نامعلوم افراد نے ایک بلڈنگ پر گرنیڈ حملہ کیا جہاں روسی ماہرین رہائش پذیر تھے۔