14 جون ، 2016
بھارت کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹیم بھی زمبابوے پر بھاری پڑ گئی۔ مہمان ٹیم نے دھونی کی قیادت میں دوسرا ایک روزہ میچ آٹھ وکٹ سے جیت کر تین ون ڈے پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
بھارت نے زمبابوے کو34.3اوورز میں126 رنز پر ڈھیر کر دیا جواب میں ہدف 26.5 اوور زمیں دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بھارت کےلوکیش راہول 33رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں چامو چبھابھا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
کرون نائر کو سکندر رضا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔ امباتی رائیڈو 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے زمبابوے کی ٹیم34.3 اوورز میں126رنز پر ہمت ہار گئی تھی ۔
بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ ہوم سائیڈ نے نے آخری سات وکٹ 20رنز میں گنوا دیے ۔ چاہل نے 25 رنز دے کر تین جبکہ فاسٹ بولر بریندر سرن نے 17 اور دھوال کلکرنی نے 31 رنز دے کردو، دو وکٹ لیں۔
زمبابوے کے لیے اننگز کا آغاز ہیملٹن مساکاڈزا 9اور چامو چبھابھا 21نے کیا ۔ زمبابوے کے تین وکٹ دس اوورز میں 39 رن پر گر گئے تھے۔ تجربہ کار ووسی سبانڈا نے 69 گیندوں میں 53 رنز بنا ئے۔
چاہل نے رضا اور ایلٹن چگبرا کو مسلسل دو گیندوں پر آؤٹ کرکے اننگز کے خاتمے کا آغاز کیا ۔ وہ ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کر سکے لیکن سبانڈا کو 13 گیندوں بعد پویلین بھیج دیا۔ گیارہویں نمبر کے بیٹسمین سین ولیمز انگلی کی چوٹ کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کر سکے۔