10 جون ، 2012
ڈیرہ غازی خان … ڈیرہ غازی خان میں 5 لڑکیوں سے مبینہ زیادتی کے الزام میں لیویز فورس کے 3 اہلکاروں سمیت 5 نامزد ملزمان کی گرفتاری اب تک عمل میں نہیں آسکی۔ ڈی سی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے قبائلی عمائدین سے مذاکرات جاری ہیں۔ جمعے کو فورٹ منرو میں پیش آنیوالے زیادتی کے واقعے میں متاثرہ لڑکیوں کی جانب سے بارڈر لیویز فورس کے 3 اہل کار وں امجد علی، نوید احمد اور محمد ظفر سمیت 5 افراد کوملزم نامزد کیاگیا۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی سی او ڈی جی خان افتخار علی سہو کی سربراہی میں ٹیم فورٹ منرو میں موجود ہے، تاہم اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ڈی سی او افتخار علی سہو کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے قبائلی عمائدین سے مذاکرات جاری ہیں، امید ہے جلد کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں سیروتفریح کیلئے آنے والی 5 لڑکیوں کو بارڈر لیویز فورس کے اہل کاروں نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ لڑکیوں کی جانب سے زیادتی میں نامزد کیے گئے بارڈر لیویز فورس کے 3 اہل کاروں امجد علی ، نوید احمد اور محمد ظفر نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مقام پر جیو نیوز سے گفت گومیں کہا کہ انہوں نے لڑکیوں سے گاڑی چیک کرانے کو کہا تھا جس پر تلخ کلامی ہوئی، لڑکیوں نے دھمکیاں دیں جس کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔