10 جون ، 2012
اسلام آباد … ملک کے میدانی علاقوں کے لوگوں نے چھٹی کا دن نہروں میں گزارا، پنجاب کے بعض علاقوں میں شام ڈھلے گرد آلود ہوائیں چلیں، بھکر میں آسمانی بجلی نے ایک شخص کی جان لے لی جبکہ مختلف حادثات میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اتوار کی شام سرگودھا، بھکر، سیالکوٹ، چنیوٹ اور بھوانا میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں جبکہ ٹانک میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ سرگودھا میں درخت اور مکانوں کی چھتیں گرنے سے 13 افراد زخمی ہوئے۔ بھکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہریوں نے چھٹی کا دن نہروں میں نہاتے ہوئے گزارا۔ بلا کی گرمی میں ملکہ کوہسار مری سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ جہاں ہوٹلوں میں چھٹی کے دن غیر معمولی رش دیکھا گیا۔ لوگ دن بھرپرفضا مقامات کی سیر میں مشغول رہے۔ سبی اور سکھر 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کے گرم ترین علاقے رہے۔ جیکب آباداور دادو میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔