کھیل
16 جون ، 2016

جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 139رنز سے شکست دیدی

جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 139رنز سے شکست دیدی


تین ملکی سیریز میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 139 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی ،ساتھ ہی پروٹیز نے سیریز میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔


سینٹ کٹس کے وارنر پارک میں کھیلے گئے میچ میں کالی آندھی ٹیم نے ٹاس جیت کر پروٹیز ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جس کا پروٹیز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 50 اوورز میں 343رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ویسٹ انڈیز کے لیے ترتیب دے دیا۔


جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 110رنز شاندار اننگز کھیلی، ساتھ ہی کوئنٹن ڈی کوک71، فاف ڈوپلیسی 73 رنز اور کرس مورس 40 رنز بنا کرنمایاں رہے اور ٹیم کے لیے ایک بڑا اسکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز بولرز کی جانب سے کیرون پولارڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔


کالی آندھی ٹیم کے بیٹنگ لائن344رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 38 اوورز میں 204 رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ پروٹیز کے عمران طاہر نے 45 کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔


واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز میں جاری اس تین ملکی سیریز میں تینوں ٹیموں نے اب تک 4،4میچ کھیلے ،جس میںسے 2جیتے اور 2ہارے ہیں۔سیریز کا اگلا میچ 19جون کو برج ٹائون میں کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

مزید خبریں :