21 جون ، 2016
ریو المپک 2016 میں بھی پاکستانی باکسروں کی شرکت ایک سپنا بن کر رہ گئی۔ ورلڈ کوالیفائی رائونڈ فار ریو اولمپک میں شرکت کرنے والے 5میں سے 4 باکسرز شکست کھا کر ایونٹ سے آئوٹ ہوچکے ہیں۔
امید کی آخری کرن تنویر احمد سے ہے، لیکن ان کا مقابلہ بھی کورین باکسر سے ہے جن کی باکسنگ کا معیار پاکستان سے لاکھ درجے بہتر ہے۔
12سال قبل 2004 ایتھنز اولمپک میں پاکستانی باکسروں کی آخری بار شرکت ہوئی تھی، اس کے بعد سے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی سرتوڑ جدوجہد کے باوجود پاکستان سے کوئی ایسا باکسر سامنے نہیں آیا ،جو دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ اولمپک میں ملک کی نمائندگی کرتا۔
پڑوسی ملک بھارت کی بھی ریو اولمپک کے حوالے کوئی ایسی کارگزاری سامنے نہیں آئی ہے، کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود اس کا ابھی تک صرف ایک باکسر اولمپک کیلئے کوالیفائی کرسکا ہے۔
آزربائی جان کے شہر باکو میں ورلڈ 52 کے جی میں سید محمد آصف تھائی لینڈ کے اونگجونتا سے 3-0 سے اور 81 کے جی میں اویس علی خان سوئٹزر لینڈ کے سماجلی یوکے سے 3-0 سے شکست کھا کر ایونٹ سے آئوٹ ہوگئے۔
اب ایونٹ میں پانچ رکنی پاکستانی ٹیم کے آخری باکسر تنویر احمد رنگ میں ہیں اور ان کا مقابلہ 75 کے جی میں کوریا کے لی ڈونگ یون سے ہوگا۔
ورلڈ کوالیفائنگ رائونڈکے پہلے مرحلے پاکستان کے نعمت اللہ 56 کے جی میں پرتگالی باکسر سے، جبکہ علی احمد قازقستان سے باکسر سے شکست کھا گئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے پانچ باکسرز میں سے چار سید آصف 52کے جی، احمد علی 60کے جی، تنویر احمد75کے جی اور اویس علی خان 81کے جی میں بائی حاصل کرکے اگلے رائونڈ میں پہنچے تھے۔