26 جون ، 2016
کراچی میں آجشدید گرمی نے لوگوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ، شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے،شدید گرمی اور لو لگنے سے متعدد افراد متاثر ہو ئے تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شدید گرمی اور لو سے متاثر ایک درجن سے زائدافراد کو مختلف اسپتالوںمیں لایا گیا ،اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ افرادگیسٹرو اور گرمی سے متاثر تھے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن دو بجے کراچی کا درجہ حرارت40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی40فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین نے گرم موسم میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہو ئے کہا ہے کہ گرم موسم نیند کو متاثر کرتا ہےجو انسان میںنہ صرف چڑچڑے پن کا باعث بنتا ہے بلکہ جسمانی نظام کو بھی متاثر کرتا ہےجس کے باعث صحت سے متعلق دیگر مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں،ایسی صورت حال میں جب روزہ بھی ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افطار سے سحری تک پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے علاوہ موزوں مشروب کا استعمال کیا جائے سوڈے کا استعمال نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔لیموں کا پانی ،لسی،ناریل کے پانی کا استعمال سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔