پاکستان
26 جون ، 2016

کلفٹن میں واقع کمرشل عمارت میں آگ پھربھڑک اٹھی ہے

کلفٹن میں واقع کمرشل عمارت میں آگ پھربھڑک اٹھی ہے


 


کراچی کے علاقے کلفٹن کے بلاک4میں واقع 9 منزلہ کمرشل عمارت میں ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی ہے،عمارت میں گزشتہ رات آگ لگی تھی اور عمارت کی آٹھویں منزل پر دم گھنٹے کے باعث سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو ا تھا۔


واضح رہے کہ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کلفٹن بلاک 4 میں واقع 9 منزلہ تجارتی عمارت کی پانچویں اور چھٹی منزلوں پر سحری کے وقت آگ بھڑک اٹھی تھی ،آگ لگنے کے باعث عمارت کی مختلف منزلوں پر 10 افراد پھنس گئے تھے ،اسنارکل چھٹی منزل سے اوپر نہیں جاسکتا تھا، اس لیے عمارت کی آٹھویں منزل کے علاوہ چھت پر پھنسے 8 افراد کو پہلے سیڑھی اور رسیوں کے ذریعے اور پھر اسنارکل کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا ۔


ایک عینی شاہد کے مطابق اے سی کمپریسر پھٹنے سے دھماکے ہوئے اور پھر آگ بھڑک اٹھی ۔ چیف فائر افسر تحسین احمد کے مطابق پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھائی گئی ۔


صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی ریسکیو کارروائی کا جائزہ لینے پہنچے، ان کاکہنا تھا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے ۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ہیلی کاپٹر خریدیں گے ۔یہ بات قابل تشویش ہے کراچی شہر میں فائر ڈپارٹمنٹ کے پاس صرف ایک اسنارکل ہے اور وہ بھی چھٹی منزل سے اوپر نہیں پہنچ سکتی جبکہ شہر میں متعدد کثیر المنزلہ عمارات موجود ہیں ۔

مزید خبریں :