26 جون ، 2016
کراچی کےعلاقے کلفٹن میں آگ سے متاثرہ عمارت میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تھی، آگ نویں منزل پر لگی ، عمارت میں کوئی فرد موجود نہیں تھا، کئی گھٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، اسی عمارت میں آج سحری کے وقت بھی آگ لگ گئی تھی جہاں دم گھٹنےسے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا تھا۔
کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 4 کی 9منزلہ اسی تجارتی عمارت کی پانچویں اور چھٹی منزل پر گزشتہ روز سحری کے وقت آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں ہنگامی اخراج کا راستہ بھی نہیں ہے۔ آگ کے باعث عمارت میں پھنسنے والے 10 سے زائد افراد کو سیڑھی، رسیوں اور اسنارکل کی مدد سے نکالا گیا جبکہ دم گھٹنے سے ایک گارڈ جاں بحق ہوا۔
آج دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تو انتظامیہ کے پاس گزشتہ روز کی طرح وسائل کی کمی کا سامنا تھا، آگ پر قابو پانے کے لیے عمارت کے شیشے توڑے گئے ۔
آگ پر اسنارکل کے علاوہ تین سے زائد فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے قابو پایا گیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران آگ سے متاثرہ عمارت کے قریب عمارتوں کو بھی خالی کرایا گیا۔
رات میں آگ لگی تو پانچویں اور چھٹی منزل پر پھنسے افراد کو بچانے کے لیے اسنارکل نہیں تھی تاہم وزير بلدیات کہتے ہیں ہیلی کاپٹر خریدیں گے، بس کابینہ کی منظوری مل جائے۔
دو دن پہلے کراچی کے ایک گودام میں آگ لگی تو فوم نہیں تھا۔ فیکٹری میں آگ لگی تو پانی نہیں تھا اور آج اونچی عمارت میں آگ لگی تو اسنارکل نہیں تھی جو اس محکمے کی کسمپرسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔