پاکستان
26 جون ، 2016

رینجرز کو مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن مدد دینگے،آرمی چیف

رینجرز کو مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن مدد دینگے،آرمی چیف


 


چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ رینجرز کو مشن کی تکمیل کیلئے انٹیلی جنس سمیت ہر ممکن مدد کی جائے گی، رینجرز ہیڈ کوارٹر سندھ کے دورے کے دوران آرمی چیف نے صوبے میں امن کی بالا دستی کے لئے رینجرز کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔


آرمی چیف کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی آپریشن اور سیکورٹی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر آرمی چیف نے رینجرز کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔


آرمی چیف کاکہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کیلئےرینجرز کو انٹیلی جنس اور ضروری آلات فراہم کئے جائیں گے، سندھ رینجرز کو کراچی کی عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سندھ رینجرز کی بہادری اور عزم کو کراچی کے عوام سراہتے ہیں۔


آرمی چیف کاکہنا تھا کہ آپریشنز دہشت گردوں کے سہولت کاروں، مالی معاونین سمیت پورے نیٹ ورک کے خلاف ہے ، دہشت گردوں اور انکے مالی مددگاروں کا نیٹ ورک ختم کرنے پر بلا امتیاز توجہ دی جائے،کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات تمام کمانڈرز، انٹیلی جنس ایجنسیاں مل کر کریں۔

مزید خبریں :