12 جون ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں میمو اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کی ۔بنچ میں جسٹس شاکراللہ جان، جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس خلجی عارف جسٹس طارق پرویز ، جسٹس امیر مسلم ہانی،، جسٹس اعجازچودھری ، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس آصف کھوسہ شامل ہیں۔ لاجر بنچ کے سامنے میمو کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی ریاست کے وفادار نہیں ہیں، وہ پاکستان چھوڑ کر امریکا میں رہ رہے ہیں، حسین حقانی کی پاکستان سے کوئی وفاداری نہیں ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حسین حقانی نے میموکے ذریعے امریکی مددحاصل کرنیکی کوشش کی اور میموحقیقت تھا، حقانی نئی سیکیورٹی ٹیم کا سربراہ بننا چاہتے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بطور سفیر حسین حقانی نے پاکستان سے وفاداری نہیں کی۔ بعد ازاں عدالت نے رپورٹ عام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی گئی اور تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ، اور سابق سفیر حسین حقانی کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا گیا ہے۔