پاکستان
04 جولائی ، 2016

کراچی میں عید قریب آتے ہی اسٹریٹ کرائمز بے قابو

کراچی میں عید قریب آتے ہی اسٹریٹ کرائمز بے قابو

کراچی میں عید قریب آتے ہی اسٹریٹ کرائمز بے قابو ہو گئے، ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، 3619افراد کے لٹنے کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جو نہیں ہوئیں ان کی تعداد خدشے کے تحت کہیں زیادہ ہے۔


اسٹریٹ کرائمز پر قابو پالیا جائے گا، اسٹریٹ کرمنلز کو نہیں چھوڑا جائے گا، شہری اپنے آپ کو محفوظ تصور کریں، یہ وہ دعوے تھے جو کیے گئے لیکن عملی طور پر ایسا کچھ نہیں۔ عید کے قریب آتے ہی اسٹریٹ کرائمز نے شہر کو جکڑ لیا۔


کلفٹن میں میک اے وش فائونڈیشن کے دفتر میں چوری ہوئی اور ملزمان قیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے، نارتھ کراچی کے علاقے سر سید ٹائون میں نائی کی دکان میں ڈکیتی ہوئی اور نائی سمیت صارفین اپنے موبائل فونز، رقم اور قیمتی اشیاء سے محروم کردیئےگئے۔


شہر میں موبائل فون رکھنے والے سڑکوں پر کھلے عام لٹ رہے ہیں ، بینک سے پیسے لے کر نکلنے والوں اور اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والے بھی غیر محفوظ ہیں۔


سی پی ایل سی کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جن افراد نے رمضان المبارک کے دوران وارداتوں کا شکار ہونے کی رپورٹ کرائی ان کی تعداد 3619 ہے ۔ ان افراد کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور رقم چھینی گئی۔


 

مزید خبریں :