05 جولائی ، 2016
چند سال قبل تک جہاں لوئر دیر کے بازاروں میں خواتین کی آمد ممکن نہ تھی، لیکن اب ہرطرف امن وامان کی خوشگوارفضا سے ماحول تبدیل ہوچکا ہے، خواتین رات گئے تک بازاوں میں خریداری اورمہندی لگانے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
لوئردیر کے شہرتیمرگرہ میں شام ڈھلنے کے بعد بھی خواتین اوربچے سبھی شاپنگ کےلئے بازاروں میں نظرآتےہیں،لوئر دیر میں قیام امن کے بعد ایک طرف خواتین ملبوسات، چوڑیاں خریدنے اور مہندی لگوانے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب بچے اوربڑےبھی دل کھول کر خریداری کررہے ہیں۔
بازاروں میں لگے اسٹالز خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں مگر عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی بہت زیادہ ہے ۔عید الفطر قریب آتے ہی تیمرگرہ شہر کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جہاں جگمگاتی راتیں دن کا منظرپیش کرتی ہیں ۔
ماہ مبارک میں برکتیں ، رحمتیں اور فضیلتیں سمیٹنے کے بعد ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ عید کی خوشیاں دھوم دھام سے منائیں،اسی لیے شاپنگ کا یہ سلسلہ چاند رات تک جاری رہے گا۔