06 جولائی ، 2016
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شور شرابہ کرنے والے لوگ کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگ کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں ، شیخ رشید گھٹیا سیاستدان ہیں ، بلاول بھٹو جب سے پیدا ہوئے رزق حلال کا ایک نوالہ نہیں لیا ،وہ کرپشن کی کمائی میں ہی جوان ہوا ہے۔
فیصل آباد میں اپنے علاقہ سمن آباد کی جامعہ مدنی مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شور شرابہ کرنے والے لوگ کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان کے دائیں اور بائیں کھڑے لوگ گردنوں تک کرپشن میں دھنسے ہوئے ہیں ۔
قوم سمجھ چکی ہے کہ یہ ملک سے کرپشن ختم کرنے کا نہیں بلکہ ملک میں افراتفری پھیلانے کا طریقہ ہے ، کرپشن کا احتساب حکومت نے نہیں نیب نے کرنا ہے ۔ لوگ حقیقت جان چکے ہیں ، کنٹینر پر 2013 والا جذبہ دیکھنے کو نہیں ملے گا۔وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔
شیخ رشید کے حوالے سے رانا ثناءکا کہناتھا کہ شیخ رشید بدبخت اور گھٹیا سیاستدان ہیں ، ہر عید اور سال بھر بار بار قربانی کی تاریخیں دینے کے باوجودبات پوری نہ ہونے پر انہیں کوئی شرم نہیں آتی ۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرپشن کی بات کررہے ہیں انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے ، بلاول بھٹو زرداری کرپشن بے بی ہے جس کی پرورش کرپشن کی کمائی سے ہوئی ہے اور آج اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار کی جائیداد کا مالک ہے ۔