پاکستان
30 جنوری ، 2012

ن لیگ کا فوری انتخابات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

ن لیگ کا فوری انتخابات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

لاہور… مسلم لیگ ن کی قیادت نے فوری انتخابات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کا مقصد حکومت کو غیرجانبدارنگران حکومت اور آزاد الیکشن کمیشن کے تحت فوری الیکشن پر مجبور کرنا ہے۔ بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف آئندہ ایک دو روز میں پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں گرینڈ اپوزیشن کانفرنس کے انعقاد کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت میمو اسکینڈل اور قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے 20 ویں آئینی ترمیم اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سلسلے میں فیصلہ کن لائحہ عمل طے کرے گی۔ اس سے قبل بھی میاں نواز شریف اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرچکے ہیں، جن میں فوری انتخابات کے مطالبے پر اتفاق رائے پایاگیا ہے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تحریک انصاف سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان مسلم لیگ ن کے ساتھ کسی قسم کی گفتگو کے لئے تیار نظر نہیں آتے۔

مزید خبریں :