18 جولائی ، 2016
مقبوضہ وادی میں مسلسل دسویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، بھارتی فوسز نے چھاپوں کے دوران سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہدا کی تعداد 45 ہوگئی ہے جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کشیدگی برقرار ہے، مظاہروں کے خوف سے وادی میں دسویں دن بھی کرفیو نافذ ہے، کرفیو کے باعث مقبوضہ وادی میں کھانے پینے کی اشیاء اور دواؤں کی شدید قلت ہو گئی ہے،انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند ہے۔
بھارتی فورسز نے وادی میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کو سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے، وادی کے مختلف اضلاع میں بھارتی فورسز نے چھاپوں کے دوران سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جنہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔
کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے چین اور ایران سے پہلی بار اور عالمی برادری سے ایک بار پھر کشمیریوں کی مدد اور مقبوضہ وادی میں بگڑتی ہوئی صورت حال کے حل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔