30 جنوری ، 2012
لاہور… پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ دواؤں کے ری ایکشن سے ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لئے کسی جج کو نام زد کردیا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے نام لکھے گئے مراسلے میں پنجاب حکومت نے کہاہے کہ جوڈیشل کمیشن دواؤں کے ری ایکشن کی وجوہات کا تعین کرے، پی آئی سی کی انتظامی اورعلاج معالجہ غفلت کی بھی تحقیقات کرے اور اگر دواؤں کا ری ایکشن ثابت ہوجائے تو اس کی مینوفیکچرنگ، پروسیسنگ، اسٹوریج، تقسیم کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ حکومت نے اپنی درخواست میں کہاہے کہ مجوزہ جوڈیشل کمیشن مستقبل میں ایسے واقعات کے روک تھام کے لئے تجاویز بھی دے،دواؤں کے ری ایکشن کی تحقیقات ایک ماہ کے اندر مکمل کرلی جائیں۔