19 جولائی ، 2016
دبئی کے ارب پتی حکمران خاندان نے لندن کی ٹیوب میں عام لوگوں کے ساتھ سفر کیا، دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے ولی عہد شہزادہ ہمدان بن محمد المکتوم کے ساتھ زیر زمین ٹرین میں سفرکرکے پاکستان کے وی وی آئی پی پروٹوکول والے حکمرانوں کے لیے مثال بنادی۔
چھٹیاں گزارنے برطانیہ میں موجود متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے لندن کی انڈر گراؤنڈ ٹرین میں عام پبلک کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کر کیا، ساتھ میں شہزادہ ہمدان بن محمد بھی نشست پر موجود تھے۔
شیخ محمد کا شمار دنیا کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے، بینکوں میں اربوں درہم موجود ہیں، لندن سمیت برطانیہ میں جائیدادیں ہیں، سرے کاؤنٹی میں لانگ کراس اسٹیٹ کے نام سے 75ملین پاؤنڈ مالیت کی پراپرٹی کے مالک ہیں، اس کے باوجود عوامی ٹرانسپورٹ میں عوامی سفراس لیے کیا کہ وہ اپنی آمدورفت کے لیے کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتے،نہ ہی ہٹو بچو کی صدائیں بلند کرنے کے قائل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں ایسے مناظر کی انتظار کی کیفیت حسرت ہی رہ گئی کہ اے کاش جنرل ایوب خان سے جنرل ضیاالحق اور بے نظیر بھٹو یا پرویز مشرف میں سے بھی کسی نے عوامی سفر کا یہ انداز اپنایا ہوتا یا اب زرداری صاحب، عمران خان یا نواز شریف ہی اپنے اپنے پروٹوکول سے باہر نکل کر ملک میں یا ملک سے باہر عام آدمی کے درمیان اس طرح سفر کرکے دکھائیں۔