23 جولائی ، 2016
جرمن کے شہر میونخ کے شاپنگ مال میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ میونخ شہر میں فوج طلب کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی ہےاور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ مسلح افراد ایک ریسٹورنٹ میں گھس گئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے بعد وہ فائرنگ کرتے ہوئے اولمپک اسٹیڈیم کے قریب اولمپیا شاپنگ مال میں گھس گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے کافی شاپ اور پھر سب وے اسٹیشن پر فائرنگ کی تھی۔پولیس کے مطابق میونخ شاپنگ سینٹر سے ایک ممکنہ حملہ آور کی لاش بھی ملی ہے، جس کا جائزہ لےرہےہیں کہ لاش حملہ آوروں میں سےکسی ایک کی تونہیں ہے۔
واقعے کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کرکے فوج طلب کرلی گئی ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ فائرنگ کے بعد شاپنگ سینٹر خالی کرا لیا گیا، شہر کا ٹرانزٹ سسٹم بھی بند کردیا گیا ہے۔ ٹرین اور میٹرو بس سروس کو بھی معطل کردیا گیا اور جرمن آسٹرین بارڈر پرسیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک حملہ آور نے سانٹا کلاوس کا لباس پہنا تھا۔جس نے حملہ کرتے ہوئے کہا کہ میں جرمن ہوں اورمجھےغیرملکیوں سےنفرت ہے۔
پولیس کے مطابق 3 مسلح حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے، تاہم حملے میں کسی مسلمان کے ملوث ہونے کا اشارہ نہیں ملا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد میونخ میں ہونے والا میوزک فیسٹول منسوخ کردیا گیا۔
ادھر جرمن وزیر داخلہ اپنی تعطیلات منسوخ کرکے وطن واپس پہنچ رہے ہیں، وہ ان دنوں چھٹیوں پر امریکا میں تھے۔چیف آف اسٹاف جرمن چانسلر کے مطابق جرمن چانسلر نے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں میونخ فائرنگ کےبعدصورت حال کا جائزہ لیاجائےگا۔
ان کا کہنا ہے کہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ یہ دہشت گردی کاواقعہ ہےاور حملےمیں دہشت گردی کاامکان مسترد بھی نہیں کیاجاسکتا۔ جرمن چانسلرکو میونخ فائرنگ واقعےسےمتعلق مسلسل آگاہ رکھا جارہاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شرکت کے لیےوزراء برلن پہنچ رہےہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے جرمنی امریکا کا قریبی اتحادی ہےاور ہم متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
ممکنہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ وہ میونخ میں فائرنگ کے ہولناک واقعے سے آگاہ ہیں اور اس صورت حال میں اپنے دوست ملک جرمنی کے ساتھ کھڑی ہیں۔ میونخ فائرنگ واقعہ پر جرمنی میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ کسی پاکستانی کےجانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔