27 جولائی ، 2016
پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں برسات کی جھڑی، جل تھل ایک ہوگئے۔پشاور،گجرات، سیالکوٹ اور ایبٹ آبادسمیت کئی شہروں میں تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بادل مزید دو تین دن برسیں گے۔
گوجرانوالہ میں کئی گھنٹوں کی بارش سے اسپتال اور سرکاری عمارتوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، کئی شہروں میں برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ایبٹ آباد شہر اور گردو نواح میں کئی گھنٹے موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ درجنوں مکانات کی دیواریں گرگئیں جبکہ ایک مکان کی چھت گرنے سے2بچے جاں بحق ہوگئے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں کو بادلوں نے کل سے گھیررکھاہے ، بعض شہروں میں ایسی موسلا دھار بارشیں ہورہی ہیں پانی کے سوا کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔جبکہ بعض علاقوں میں بارشیں جان لیوا ثابت ہوئی ہیں ۔
خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں بادل برس رہےہیں تاہم ایبٹ آباد میں کئی گھنٹوں کی مسلسل بارش سے صورتحال خراب ہے ۔
پنجاب کےبالائی اور وسطی علاقوں میں بھی شدید بارشیں ہورہی ہیں ۔ سب سے زیادہ بارش گجرات میں 135 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ سیالکوٹ کے قریب سمبڑیال میں چھت گرنے سے کم سن بہن بھائی موت کی نیند سوگئے ۔
گوجرانوالہ میں بادل ایسا جم کر برسے کہ جل تھل ایک ہوگیا ، سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے ۔جہاں سے گاڑیوں کا گزرنا دشوار ہے ۔ سرگودھا میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ۔
پنڈدادنخان میں 5 گھنٹے لگاتار طوفانی بارش سے درجنوں مکان گر گئے، پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں مشکلات کا شکار ہیں ۔
بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں بھکر لیہ اور میانوالی میں تیز بارش کا امکان ہے ۔