27 جولائی ، 2016
کوئٹہ میں احتساب عدالت نےبلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کے ریمانڈ میں نواگست تک مزید توسیع کردی۔
مشتاق رئیسانی میگاکرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیرخزانہ میر خالد لانگو کو آج احتساب عدالت میں پیش کیاگیا۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت کو سابق مشیرخزانہ میر خالد لانگو کےریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی،جس پر احتساب عدالت نےمعمول کی کاروائی کے بعد میرخالد لانگو کےریمانڈ میں توسیع سے متعلق نیب کی استدعا منظور کرلی اور ان کے ریمانڈ میں نواگست تک مزید توسیع کردی گئی۔
اس سے قبل بھی میر خالد لانگو ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں تھے، مشتاق رئیسانی کرپشن کیس کی سماعت نواگست تک کےلئےملتوی کردی گئی۔
اس سے قبل سماعت کےدوران خالد لانگو کاعدالت میں کہناتھا کہ وہ ایک بات صاف کر دیں کہ ان کا صرف ایک اکاؤنٹ ہے،اور ان کے اکاؤنٹس کےحوالےسےمیڈیا غلط خبر چلارہاہے،اس موقع پر عدالت کے ریمارکس تھے کہ سماعت کے دوران ہم نےپریس کاحوالہ نہیں دیا، عدالتی کارروائی اپنے حساب سے چل رہی ہے۔
عدالت کا یہ بھی کہناتھا کہ میڈیاریاست کاچوتھا ستون ہے، وہ اپنا کام احسن طریقے سےنبھارہاہے،تاہم پھر بھی آپ کی جانب سےپریس سے کہوں گا کہ وہ کیس کےحوالےسے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔
دوسری جانب خالد لانگو کی پیشی کےموقع پر لانگو قبیلے کےافراد کی بڑی تعداد عدالت کےاحاطے کےباہر موجود تھی۔اس موقع پر سیکورٹی کےبھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔