27 جولائی ، 2016
کراچی میں گجر نالے پر قائم تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ڈیڑھ کلومیٹر کا علاقہ وا گزار کرایا جاچکا ہے۔ آپریشن کے دوران 300 غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کو بھی مسمار کردیا گیا۔
کراچی کا گجر نالہ جو کسی زمانے میں 210 فٹ چوڑا ہوا کرتا تھا اور جس کی لمبائی 14 کلو میٹر تک تھی لیکن نالے کے اطراف میں تجاوزات کے قیام نے اس کی چوڑائی 3 سے 4 فٹ تک محدود کردی اور اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا شہریوں کو جنہیں بارشوں میں نکاسی نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا رہا۔
بلاآخرانتظامیہ نے گجر نالے پر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کی ٹھانی اور آپریشن شروع کردیا۔ انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے ذریعے نالے کو210 تو نہیں لیکن 60 فٹ چوڑا کیا جائے گا۔
آپریشن کے پہلے روز بھینسوں کے باڑے، فیکٹریاں اور کچھ مکانات گرائے گئے جبکہ دوسرے دن گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے گھروں کو بھی مسمار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران خواتین اور بچوں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
گجر نالے پر 30 ہزارگھر غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے ہیں ،ان میں سے 10 ہزار گھرآپریشن کی زد میں آئیں گے۔ اب تک آپریشن کرکے ڈیڑھ کلومیٹر کا علاقہ واہ گزار کرایا جاچکا ہے جبکہ 300 غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نےگھروں کو جاری کی گئی لیز بھی منسوخ کردی ہیں۔
گجر نالے کی صفائی کے لیے دونوں اطراف سے 18 سے 20 فٹ زمین خالی کرائی جائے گی تاکہ ہیوی مشینری اتارنے کے لیے راستہ دستیاب ہو۔
ڈی سی سینٹرل فرید الدین مصطفیٰ کے مطابق گجر نالے کی چوڑائی میں اضافے کے 6 ماہ کا عرصہ لگے گا۔