27 جولائی ، 2016
کراچی کے علاقے صدر میں شہید کیے جانے والے پاک فوج کے دو جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ نوشہرو فیروز اور دادو میں سپرد خاک کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے صدر میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکار لانس نائک عبدالرزاق چنہ کی نمازجنازہ آبائی گاؤں محمدعثمان تنیو نوشہروفیروز میں ادا کی گئی۔
شہید کے جنازے میں بریگیڈئیر شاہدعثمان اور ایس پی الطاف لغاری سمیت فوجی اور پولیس افسران ، اہل علاقہ اور عزیزواقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید ہونے والے عبدالرزاق چنہ کی عمر 30 سال تھی اور انہوں نے 2008ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور 5 سال کی بیٹی سمیت دیگر اہل خانہ شامل ہیں۔
واقعے میں پاک فوج کے سپاہی خادم حسین بھی شہید ہوئے، ان کی نمازجنازہ ضلع دادو میں پیارواسٹیشن کے مقام پر ادا کی گئی، تدفین آبائی گاوں چھٹوابڑو میں ہوئی۔
خادم حسین نے2009ء میں پاک فوج میں فرائض سنبھالے ، ان کی عمر بھی 30 سال بتائی جاتی ہے، خادم حسین نے بیوہ،پانچ بہن بھائیوں اور والدین کو سوگوار چھوڑا ہے۔