27 جولائی ، 2016
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور نوید جمیل نے وسیم اختر سے متعلق پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اختر پر الزامات ایم کیوایم کو بدنام کرنے اور دیوار سے لگانے کی سازش ہیں۔
انہوں نے یہ بات خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،انہوں نے وسیم اختر کا خط بھی پڑھ کر سنایا،انہوں نے واضح کیا کہ وسیم اختر نے پولیس کوئی اعترافی بیان نہیں دیا۔
متحدہ قومی موومنٹ نے وسیم اختر سے متعلق پولیس رپورٹ مسترد کردی،کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ وسیم اختر نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا،12 مئی 2007ء کو کراچی میں جو کچھ ہوا، سابق چیف جسٹس اور اسٹیبلشمنٹ کی باہمی لڑائی کا نتیجہ تھا۔
کنور نوید جمیل کا کہنا تھا وہ حکمرانوں اور فوجی افسران سے اپیل کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے ساتھ سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
پریس کانفرنس کے دوران ساتھی اسحاق نے وسیم اختر کا جیل سے لکھا خط بھی پڑھ کر سنایا جس میں وسیم اختر نے 12مئی سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔