پاکستان
14 جون ، 2012

ارسلان افتخار کیس، ملک ریاض توہین عدالت نوٹس کا سامنا کرینگے

ارسلان افتخار کیس، ملک ریاض توہین عدالت نوٹس کا سامنا کرینگے

اسلام آباد… سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل 2 رکنی بنچ ارسلان افتخار اسکینڈل کی ایک روز کے وقفہ کے بعد آج دوبارہ سماعت کریگا جبکہ عدالت نے ملک ریاض حسین کی پریس کانفرنس کیخلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے توہین عدالت میں انہیں آج طلب کر رکھا ہے۔ ارسلان افتخار از خود نوٹس کیس میں دو رکنی بنچ کے روبرو بحریہ ٹاؤن کے سابق سربراہ ملک ریاض حسین نے گزشتہ روز جمع کرائے گئے بیان میں ارسلان افتخار پر سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات میں ریلیف لینے کیلئے 34 کروڑ سے زائد کی ادائیگی کے شواہد جمع کرائے تھے۔ ملک ریاض حسین کے بیان میں لگائے گئے الزامات کا چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار آج اپنے وکیل سردار اسحاق کے ذریعے جواب دائر کرینگے۔ ملک ریاض حسین کے وکیل زاہد بخاری اور ارسلان افتخار کے وکیل سردار اسحق کمیشن بنانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے ملک ریاض حسین کی پریس کانفرنس کیخلاف ازخود نوٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے بانی صدر چوہدری محمد اشرف گجر کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ملک ریاض کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے ہیں جبکہ عدالت نے ملک ریاض کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کے حوالے سے درخواست گزار کی استدعا کو منظور نہیں کیا اور ان سے کہا ہے کہ اگر آپ ایسی کوئی استدعا کرنا چاہتے ہیں تو درخواست دائر کریں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض نے عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور اسکینڈلائز کیا۔

مزید خبریں :