14 جون ، 2012
نیویارک… اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی بارے امورکی انڈر سیکریٹری جنرل ولیری آموس نے اسرائیل سے غزہ کی پٹی کا پانچ سالہ محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی محاصرہ سے تقریباً 16 لاکھ فلسطینیوں کا روزگار اور روز مرہ زندگی کے امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی کا یہ غیر قانونی محاصرہ چھٹے سال میں داخل ہوگیا ہے۔ اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری جنرل ولیری آموس نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ کا محاصرہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اسرائیل کے اس اقدام سے غزہ میں رہنے والوں کے بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہوئی ہے اور انہیں اجتماعی سزا کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے 2007ء میں غزہ کی پٹی کا محاصرہ کر لیا تھا اور اس محاصرے کا چھٹا سال شروع ہوگیا ہے۔