30 جنوری ، 2012
اسلام آباد… ججز کے تقرر کے لئے پارلیمانی کمیٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے چار جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس نثار شیخ کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع منظور کرلی۔ ججز تقرر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر نئیر حسین بخاری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں لاہور اور سندھ ہائی کورٹ کے سات ججز کو مستقل کئے جانے اور ایک ایڈیشنل جج کی مدت ملازمت میں توسیع دینے پر غور کیا گیا، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نئیر بخاری نے بتایا کہ کمیٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے چار جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس نثار شیخ کو ایک سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ نئیر بخاری کا کہنا تھا کہ تمام ججز کے بارے فیصلہ اتفاق رائے سے ہوا۔ کمیٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس یاور علی، جسٹس مامون رشید ، جسٹس فرخ عرفان اور جسٹس مظہر علی نقوی کو مستقل کرنے کی منظوری دی۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد تسنیم، جسٹس حسین اظہر رضوی اور جسٹس ڈاکٹر محمد علی کوبھی مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔