پاکستان
06 اگست ، 2016

حیدرآباد: طوفانی بارش، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

حیدرآباد: طوفانی بارش، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

حیدرآباد میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔


پاکستان کے چوتھے اور سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں سڑک تو نظر نہیں آرہی لیکن ڈوبتی، ڈولتی گاڑیاں اور انہی گاڑیوں کو دھکے لگاتے شہری نظر آرہے ہیں۔


بارش جب بھی برستی ہے، حیدرآباد والوں کے لیے مصیبتوں کے انبار لگ جاتے ہیں،اس بار بھی برستا پانی، پائپ لائنوں کے بجائے گاڑیوں کے انجنز میں گیا، پہلے گاڑیاں بند ہوئیں۔


انڈرپاسز بچوں کے لیے سوئمنگ پولز بن گئے،شہری گھروں کو بعد میں پہنچے پہلے بارش کے پانی نے ڈارئنگ روم، لاؤنج اور حیدرآباد والوں کے کچنز میں انٹری دی۔


حالی روڈ، مرزا پاڑہ، گاڑی کھاتہ، قاسم آباد، لطیف آباد نمبر 11، 12 اور نمبر 2 کے علاقے زیر آب آگئے، محلے زیر آب آئے تو حیدرآباد کے لوگ بھی گھٹنوں گھٹنوں پانی میں کسی گٹر یا کیڑے کانٹے سے بچنے کے لیے اندازے لگا لگا کر چلتے رہے اور کچھ اس بے حالی سے تنگ آکر اپنے اپنوں کے گھروں کی طرف چلے گئے۔


لطیف آباد نمبر دو میں پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر کے بنگلے میں پانی داخل ہوگیا، حیدرآباد کی سبزی منڈی بھی ڈوب گئی، ڈوبتی بھی کیوں نہیں، محکمہ موسمیات کہتا ہے شہر میں کل سے اب تک 115 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔


حیدرآباد کے کمشنر معتصم عباسی شہر سے پانی کی نکاسی کے بارے میں کہتے ہیں کہ 120 سے زائد پمپنگ اسٹیشن بجلی نہ ہونے کے باعث بند ہوئے 10پمپنگ اسٹیشنوں کو اسٹینڈ بائی جنریٹرز سے چلایا جارہا ہے، جیسے ہی بجلی بحال ہوگی پمپنگ اسٹیشن کام کرنا شروع کردیں گے اور سڑکیں پھر سے نظر آنے لگیں گی، فلائی اوورز میں بھی گاڑیاں چلیں گی۔

مزید خبریں :