پاکستان
12 اگست ، 2016

کراچی: سواٹ اور ایگلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

کراچی: سواٹ اور ایگلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

 


دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے افراد کی بازیابی یا تیزی سے آگے بڑھتے دہشت گردوں سے جدید ہتھیاروں کے ذریعے مقابلے کے لیے سندھ پولیس نے اپنا پہلا دستہ تیار کرلیا۔


دستے کو کومبنگ آپریشن کی تربیت دی گئی ہے، خصوصی ہتھیاروں کے ذریعے دہشت گردوں کے انتہائی قریب جا کر مقابلے کے لیے 7 خواتین بھی تیار ہوگئی ہیں۔


منگھو پیر تھانے کے شہید سب انسپکٹر محمد شیر بھٹی کے صاحبزادے عارف بھٹی رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے پاس آؤٹ ہوئے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم دشمن کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔


اونچی عمارت پر چڑھنے، اترنے، مغوی کو بازیاب کرانے، وی آئی پیز کو دہشت گردوں کے چنگل سے نکالنے اور درس گاہ میں دہشت گردوں میں گھرے طلبہ کو بچانے کی صلاحیت رکھنے والے سواٹ اور ایگلیٹ فورس کے 7 خواتین سمیت 382اہلکار پاس آؤٹ ہوئے ہیں۔


اس دستے کو پاک فوج کے جوان اور غیر ملکی درس گاہوں سے ٹریننگ لے کر آنے والے افسران نے تیار کیا ہے،یہ اہلکار بغیر ہتھیار کے مسلح دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر عوام کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کا عزم ہے کہ وہ ملک او قوم کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے سےبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مزید خبریں :