16 اگست ، 2016
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی فاروق اعوان نے یو ٹرن لے لیا، پہلے کہا کہ کراچی میں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے گروہ نے پنجاب کے سابق وزیرشجا ع خانزادہ پر خود کش حملے کی سازش کی، بعد میں کہا کہ اطلاعات ہیں کہ یہ گروہ اُس حملے میں ملوث ہوسکتا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ملزمان کو شجاع خانزادہ حملے میں ملوث قرارنہیں دیا گیا۔
فاروق اعوان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری پر انہوں نے ذاتی طور پر ایک صحافی سے ملزمان کے شجاع خانزدہ حملے میں ملوث ہونے کے امکانات ظاہر کئے تھے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے کالعدم لشکر جھنگوی کے چار دہشت گرد وں کا سرغنہ ابوسفیان عرف معاویہ شاید شجاع خانزادہ اور ملٹری پولیس کی کلنگ میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، گرفتار ملزم صفدر کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے، ابو سفیان پہلے نعیم بخاری کے ساتھ کام کرتا رہا، ملزم نے بریگیڈ کے نام سے بھی کارروائیاں کیں۔