15 جون ، 2012
کراچی… شہنشاہ غزل مہدی حسن کو آہوں اور سسکیوں میں ہزاروں پرستاروں کی موجودگی میں نارتھ کراچی کے محمد شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مہدی حسن اس دنیائے فانی سے دو روز قبل کوچ کرگئے تھے۔ ان کے بیٹوں کی بیرون ملک آمد کے بعد آج ان کی نماز جنازہ انچولی کے قریب نورانی مسجد کے گراوٴنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مولانا فیروزالدین رحمانی نے پڑھائی۔ نمازہ جنازہ میں متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو، صوبائی وزیر رضا ہارون، روٴف صدیقی،واسع جلیل، ڈاکٹر صغیر احمد، میشر وزیر اعلیٰ سندھ وقار مہدی، راشد ربانی، حلیم عادل شیخ،ایوب شیخ، معروف اداکار ندیم بیگ، قاضی واجد، مظہر امراوٴبندو خان، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، سکیریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، نائب صدر محمود احمد خان، ممتاز بینکار شوکت ترین، اقبال لطیف، سعید الاسلام، سیف عباس، یاورمہدی، اسلم شیخ، عمران رضا،گلوکار سلامت علی، انور مقصد، گلوکار ایم افراہیم، امجد رانا، امجد صابری، انور اقبال، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ شو بز اور سماجی حلقوں سے وابستہ شخصیات نے سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے کارکن عوام کی رہنمائی کیلئے موجود تھے، اس موقع پر نورانی مسجد کے گراوٴنڈ سے محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی تک سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔