19 اگست ، 2016
پولینڈ میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے کے بعد قومی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ایئر چیف سہیل امان کہتے ہیں کہ ضرب عضب آپریشن کے بعد ملک میں حالات بہتر ہوئے ہیں اور کھیل کو فروغ ملا ہے۔
پاکستان کی جونئیر اسکواش ٹیم مصر کو 2-1 سے ہرانے اور ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستان پہنچ گئی ، راولپنڈ ی میں نور خان ایئر بیس پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جونئیر ٹیم کا استقبال کیا، اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے پاکستان کا نام روشن کیا، کھلاڑیوں کا جذبہ دیکھ کر امید ہے کہ آئندہ ورلڈ چیمپئن بھی پاکستان کا کھلاڑی ہو گا ،قوم کو جونیئر ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہیے، اس جیت کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔
پولینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ کے آخری میچ میں عباس شوکت نے مارون طارق کو شکست دے کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا ہے ، ٹیم کے کوچ امجد خان اور ٹیم منیجر قمر زمان نے بھی جونئیر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔