15 جون ، 2012
ماسکو…روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے امریکا اور نیٹو کے اینٹی میزائل نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روس کے صدر نے امریکا اور نیٹو کی اینٹی میزائل نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا روس کی سلامتی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی میزائل نظام نہ صرف روس کے نیوکلیئر دفاعی نظام اور دوسرے ممالک کیلئے خطرہ ہے بلکہ اس سے خطے میں سرد جنگ کا آغاز ہو جائیگا۔ واضح رہے کہ انکا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئندہ چند روز میں امریکی صدر اور انکے درمیان ملاقات ہونے جا رہی ہے۔ امریکا نے اپنے اینٹی میزائل نظام کا آغاز سال 2010ء میں کیا تھا جو 2018ء تک مکمل ہوگا۔ یہ نظام دنیا کا انتہائی مہنگا اور جدید نظام ہے جو دشمن کے میزائل کو فضاء میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے دوسری جانب روس ، ایران اور چین اس نظام کو اپنی سلامتی کیلئے خطرہ سمجھتے ہیں۔