20 اگست ، 2016
فنڈز کی کمی نے اقوام متحدہ کو یوگنڈا میں جنوبی سوڈان کے ہزاروں مہاجرین کا راشن آدھا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ رواں برس جولائی میں جنوبی سوڈانی دارالحکومت جوبا میں پھوٹ پڑنے والی جھڑپوں کے بعد 70ہزار سے زیادہ جنوبی سوڈانی شہریوں نے یوگنڈا میں جا کر پناہ لی تھی۔
یوگنڈا کے متعلقہ وزیر موسیٰ ایکویرُو نے بتایا کہ جنوبی سوڈان کے مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ورلڈ فُوڈ پروگرام کے فنڈ میں 20ملین ڈالر کم ہیں، جس کے باعث جولائی 2015ء سے پہلے پہنچنے والے تقریباً دو لاکھ مہاجرین کا راشن اور مالی امداد آدھی کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز فوری طور پر کیا جا رہا ہے، جولائی کے بعد آنے والے 70ہزار سے زیادہ مہاجرین کو ابھی پورا راشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔