دنیا
16 جون ، 2012

افغان صحافی پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کریں، محمد صادق

کابل… افغانستان میں پاکستان کے سفیر محمد صادق نے افغان صحافیوں پرزوردیا ہے کہ وہ پاک،افغان تعلقات میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سفارتخانہ میں افغان صحافیوں کے 19 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد ”افغان۔پاک جرنلسٹس ایکسچینج پروگرام 2012ء“ کے تحت 18 جون کو پاکستان کے دورہ پر آئے گا۔ پاکستانی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد صادق نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دو برادر ملک ہیں اور دونوں ممالک میں سے کسی ایک میں کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو دوسرا ملک براہ راست اس سے متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، خوشحالی اور استحکام کا افغانستان کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیا عوام کے خیالات بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے وفد کو دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے مثبت کردارادا کرنے کی ہدایت کی۔ سفیر نے صحافیوں کو افغانستان میں صحت اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے تعلیمی اداروں میں افغان طلباء کی حوصلہ افزائی اور مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے طلباء کی بڑی تعداد کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع کی پیشکش کی ہے اور اس وقت 7 ہزار افغان طلباء پاکستان کے پروفیشنل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔

مزید خبریں :