02 ستمبر ، 2016
عائشہ پروین...ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔
معاملہ عید کا ہو اور چاند پر کوئی جھگڑا نہ ہو، اس کا امکان کم ہوتا ہے۔ عیدالفطر پر مفتی پوپلزئی کا معاملہ حل ہوا تو اب مفتی منیب نے وزارت مذہبی امور کو خط لکھ ڈالا ہےجس پر ڈی جی موسمیات نے چاند نظر آنے یا نہ آنے کے امکان پر پیشگوئی سے معذرت کر لی، تاہم یہ بتا دیا کہ چاند نکلنے کی آئندہ 100 سال تک کی پیشگوئی کے کیلنڈرز موجود ہیں اور ویب سائٹ پر کچھ تفصیلات بھی ہیں۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے خط پرتبصرے سے بھی انکار کر دیا ، جب خط ملنے کا پوچھا گیا تو بولے ، وزارت مذہبی امور سے رابطہ کرلیں ، وہاں موجود ہے ۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کو غروب آفتاب کے بعد کراچی میں چاند40 منٹ تک دیکھا جاسکے گا، بلوچستان کے دوسرے علاقوں میں چاند 42 منٹ تک دیکھا جاسکے گا،چاند نظرآنے کا اینگل 8 ڈگری سے زیادہ ہوگا، بلوچستان کی ساحلی پٹی پر موسم ابرآلود اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود ہوگا۔
جب چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب سے رابطہ کیا گیا تو بولے کہ محکمہ موسمیات کو خط لکھنے کے معاملے پر کوئی بات نہ کریں، کسی مسلمان ملک میں ایسے معاملات پر تنقید نہیں ہوتی ۔