02 ستمبر ، 2016
محمد اویس خان...طورخم بارڈر سےافغانستان فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار فہد ملک قتل کیس کے ملزم راجہ ارشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کردیا گیا۔ 5 ستمبر کو شریک ملزم نعمان کھوکھر کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو کے بھانجے بیرسٹر فہد قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم راجہ ارشد کو سخت سیکورٹی میں اسپیشل کورٹ کمپلیکس لایا گیا ، انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے سماعت کی۔
تفتیشی افسر نے ملزم سے تحقیقات کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ،جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ پرچہ ریمانڈ کے مطابق ملزم نے18 اگست کو لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ سے13 دنوں کی حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے بعد اس عرصے کے دوران طورخم بارڈر کے راستے افغانستان فرار ہونے کی کوشش کی اور پکڑا گیا۔
ملزم کی جانب الیاس صدیقی ایڈووکیٹ اور عمران فیروز ملک سمیت وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی اور بتایا کہ پولیس مؤکل سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی۔
عدالت نے وکلاء کو کمرہ عدالت میں ملزم سے مشاورت کرنے کی اجازت دی۔ بیرسٹر فہد قتل کیس میں گرفتار دونوں ملزمان راجہ ارشد اور نعمان یعقوب کھوکھر کو 5 ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائےگا۔