پاکستان
06 ستمبر ، 2016

کراچی: فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 مبینہ دہشتگرد گرفتار

کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث پانچ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کرلیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد 15 افراد کے قتل میں ملوث ہیں،ان کو قتل کرنے کیلئے باقاعدہ تنخواہ دی جاتی تھی ۔

فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد سی ٹی ڈی کے نرغے میں باقاعدہ تنخواہ دار ٹارگٹ کلرز پہلے ہدف کی ریکی کرتے، معلومات اکھٹا کرتے اور پھر واردات کرتے تھے۔

5ملزمان سید عامر حسین رضوی عرف بابر، زین العابدین عرف سنی، فیضیاب علی عرف اصفہان، سید محسن حسین عرف پگل اور سید محمد عباس عرف عاشر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

دہشت گردوں نے 2013ءسے اب تک شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، لانڈھی، گلشن اقبال، جمشید روڈ، ایئرپور، سمن آباد، بوٹ بیسن، نیو کراچی اور کھوکھراپار کے علاقوں میں ٹارگٹ کر کے ایک ڈاکٹر سمیت 15افراد کو قتل جبکہ کئی کو زخمی کیا۔

ان کے قبضے سے وہ اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جو وارداتوں میں استعمال ہوا اور فارنزک رپورٹ میں میچ کرگیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کچھ عرصہ قبل سی ٹی ڈی کے ہاتھوں اسی گروپ سے تعلق رکھنے والے کچھ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا تھا اور یہ کارروائی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ملزمان نے عید الاضحی سے قبل کراچی میں اہم علماء کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا یا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث پکڑے گئے۔

مزید خبریں :