06 ستمبر ، 2016
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا پاناما پیپرز سے کوئی تعلق نہیں، قومی اداروں کے سامنے پاناما پیپرز کا وزیراعظم سے کوئی تعلق ثابت نہیں کیا جاسکا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ستر ، ستر صفحات پر صرف وزیراعظم کے پاسپورٹس کی تصاویر لگائی گئی ہیں ، صرف پاسپورٹ کی تصویر لگادینا کہاں ثابت کرتا ہے کہ کسی نے کچھ غلط کیا ہے، ریفرنسز میں وزیراعظم کا پاناما پیپرز سے کوئی تعلق ہی نہیں ثابت کیا گیا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ اسپیکر صاحب کو متنازع قرار دیا جارہاہے، یہی فیصلہ تو چار دن پہلے سپریم کورٹ نے دیا ہے،کیا آپ سپریم کورٹ کے ججز کو بھی متنازع بنانا چاہ رہے ہیں، آپ نے نیب میں جاکر دروازے توڑے ، طوفان بدتمیزی کیا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سارے کے سارے ادارے آپ کو ایک ہی جواب دے رہے ہیں، کیا یہ سارے ادارے ہوا میں کھڑے ہیں،کیا صرف کنیٹنر پر ہونے والی باتیں درست ہیں ۔
دانیال عزیز نے مزید کہا کہ اگر ایک آدمی مسلسل الزامات لگارہا ہے، لیکن ثابت کرنے کے وقت فرار ہو جاتا ہے، عمران خان نے 35 پنکچر کے بیان کو بھی صرف سیاسی بیان تسلیم کیا۔