06 ستمبر ، 2016
یوم دفاع پاکستان پر وطن کے محافظوں سے محبت اور عقیدت کے اظہار کے لیے لاہور میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
فورٹریس اسٹیڈیم میں یوم دفاع کی تقریب ہوئی جس میں جنگی آلات کی نمائش کا اہتمام کیاگیا، فوجی جوانوں نے مختلف مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا ۔
اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹنینٹ جنرل صادق علی کا کہناتھاکہ پاکستانی قوم متحد ہے، دشمن کی ہر چال کو سمجھتے اور عزائم کو جانتے ہیں، ضرب عضب صرف ایک ملٹری آپریشن نہیں، دہشت گردوں کو آخری پیغام پہنچانے کی سوچ اور نظریے کا نام بھی ہے۔
ٹاؤن ہال میں ہلال استقلال لہرانے کی پروقارتقریب میں اسٹیشن کمانڈر لاہور بریگیڈیئر خالد لطیف،نیول کموڈور احسن شہزاد، ونگ کمانڈر مسعود انورسمیت اعلیٰ فوجی اور سول افسران شریک ہوئے، اسکولوں کےبچوں نے ملی نغموں سے سماں باندھا ،فوجی بینڈز نے حربی دھنیں چھیڑ کر لہو گرمائے رکھا۔
تقریب میں شریک بچوں کے چہرے جوش و جذبے سےتمتماتے ہوئے تو زبانوں پر ملک و ملت کے لیے سب کچھ نچھاور کرنے کا اظہار تھا۔
شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، بریگیڈیر عاصم حسین اور میجر سردار طارق نے پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔
سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنےکےلیے کیتھڈرل چرچ میں دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔