پاکستان
06 ستمبر ، 2016

کراچی اوپر جاتاہے تو پاکستان بھی اوپر جاتاہے، عمران خان

کراچی اوپر جاتاہے تو پاکستان بھی اوپر جاتاہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی اوپر جاتاہے تو پاکستان کو اوپر لے جاتاہے، کراچی کے لوگ اکیلے نہیں ہیں، سارا پاکستان کراچی کےلوگوں کیساتھ ہے۔

چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی کے نشتر پارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خوف میں رہنے والی قوم غلام بن کر رہ جاتی ہے، کراچی پاکستان کا دل ہے،کراچی میں انتشار نہ ہوتاہو تو حالات کچھ اور ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بانی متحدہ نے نعرے لگائے وہ ناقابل قبول ہیں، ہم لاہور کی تیاری کررہے تھے، پاکستان مارچ کی تیاری میں مصروف تھے ، بانی متحدہ کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان پر کراچی آیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں خوف طاری نہ کیا جاتا تو آج کراچی خوش حال شہر ہوتا، کراچی پر ایک مافیا نے قبضہ کیا، بانی ایم کیوایم ملک میں دہشت گردی متعارف کرانے کے ذمے دار ہیں،کراچی میں ایک وقت تھاکہ کسی کو اپنی جان و مال کا ڈر نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم لند ن سے بیٹھ کرکراچی کی تقدیر کا فیصلہ کرتا تھا، تم نے لندن میں بیٹھ کر کراچی میں کتنے لوگوں کو مروایا، افسوس کی بات ہے کہ تم نے زیادہ مہاجروں کو قتل کرایا،’را‘ نے ہندوستان ٹائم کے پروگرام میں بانی متحدہ کو بلوایا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے کسی کو اپنا نمبر ٹو نہیں بننے دیا، 85 کے بعد بانی متحدہ نے جو کچھ شروع کیا ہے وہ بھی یاد ہے، عظیم طارق ایک پڑھا لکھا اور انقلابی سوچ والا انسان تھا، جب بانی متحدہ کو عظیم طارق سے خطرہ ہوا تو ان کو مروا دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاجروں کو کسی کے سامنے خود کو محب وطن ثابت کرنے کی ضرورت نہیں،مہاجر یہ نہ سمجھیں کہ وہ اکیلے ہیں،ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا،جاوید میانداد مہاجر ہیں جو کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کے لیے جان کی بازی لگاتے تھے۔

عمران خان کہتے ہیں کہ ہم نے خیبرپختونخوا پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کی، سب سے پہلے کراچی کی پولیس ٹھیک کرنا ہوگی، کراچی کی پولیس کو غیر سیاسی کرنا پڑے گا اور میرٹ لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسفندیارولی جب آپ کی حکومت تھی تو آپ تو پشاور جا نہیں سکتے تھے،اس لیے دبئی سے تقریریں کرتے تھے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں لوگ پولیس کی عزت کرتے ہیں،کراچی پولیس کو سیاسی مداخلت نے تباہ کیا، پیسے لےکر بھرتیاں کی گئیں،اللہ نےموقع دیاتوکراچی پولیس بہتر کرینگے آپکورینجرزکی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی فنڈ کا 55 فیصد لاہور میں استعمال کیا جارہا ہے ، کرپشن کا مقابلہ کرنا ہم سب کا فرض ہے، کرپشن تب ختم ہوگی جب ادارے مضبوط اور آزاد ہوں گے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہےکہ بلدیاتی نظام سے لوگوں کی زندگیاں بدلتی ہیں ، لوگوں کو ایم این اے ،ایم پی ایز کے پیچھے نہیں بھاگنا پڑتا،کرپٹ حکمران کبھی ملکی اداروں کو ٹھیک نہیں ہونے دے گا، سوہارتو کو کسی سیاسی جماعت نے نہیں نوجوانوں نے شکست دی تھی۔پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے عید الاضحی کے بعد رائے ونڈ مارچ کا اعلان کر دیا۔

مزید خبریں :