06 ستمبر ، 2016
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر پتنگ کا دن ہوگا،نشتر پارک میں جلسہ نہیں جلسی ہوئی ،ملیر میں ریلی کے بجائے ریلہ ہوگیا، ہمیں توڑنے کے لیے تحریک انصاف کو باہر سے لایا گیا۔
انہوں نے ملیر میں کارکنوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ لوگوں نے سمجھا کہ 22 اگست کو ایم کیو ایم کی کشتی رک گئی، لیکن کارکنان کے جذبے نے اس کشتی کو پھر سے چلا دیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ مہاجروں کو قومی دھارے سے نکالا گیا تو پاکستان میں 1965 کا جذبہ پھر نہیں آئے گا،یہ دن ہماری آبرو کو بھی بلندی پر لے جائے گا، ہمیں بھی پاکستانی سمجھا جائے،دھتکارا نہ جائے، پاکستان کا سالمیت کا جذبہ کہیں موجود ہے تو پاکستان بنانے والوں کی اولادوں میں ہے۔
اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ 75آدمیوں کے ساتھ جلسہ کرنا تھا تو مصطفیٰ کمال یہاں کیوں آئے؟ یہ بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانا کیوں ہورہا ہے؟ ایم کیوایم پلیٹ میں رکھ کر کسی کو نہیں ملے گی۔