06 ستمبر ، 2016
الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر اُن سے جواب طلب کرلیا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف کو پاناما لیکس کے معاملے میں جواب داخل کرنے کے لیے مزید تین ہفتے کی مہلت دے دی گئی ۔
چیف الیکشن کمشنرسردار رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے وزیر اعظم کی نا اہلی کے لیے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف ، عوامی مسلم لیگ ، عوامی تحریک جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نا اہلی کے لیے اے این پی کی بشریٰ گوہر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
وزیر اعظم نواز شریف، شہباز شریف اور اسحاق ڈار کی جانب سے سابق اٹارنی جنرل سلمان بٹ نےجواب داخل کرنےکیلئےمہلت مانگ لی، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کےوکیل نے جواب جمع کروا دیا ۔
درخواست میں کہاگیا کہ عمران خان نے بدنیتی کرکے نیازی سروسز کےنام سے آف شورکمپنی کوچھپایا، الیکشن کمیشن کےسامنے جھوٹ بولا، جہانگیرترین نے کاغذات نامزدگی میں درست معلومات فراہم نہ کیں، دونوں کونااہل قراردیاجائے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان اورجہانگیرترین کےخلاف درخواستوں پر22 اور28 ستمبر کیلئےنوٹسز جاری کردیے۔ وحید کمال نامی شہری کی طرف سے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دائر ریفرنس عدم پیروی کی بناء پر خارج کردیا گیا۔