پاکستان
07 ستمبر ، 2016

جو پاکستان کو برا کہتاہے وہ ہم میں سے نہیں:گوڈیل

جو پاکستان کو برا کہتاہے وہ ہم میں سے نہیں:گوڈیل

 

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے قومی اسمبلی میں کہاہےکہ جو پاکستان کو برا کہتاہے وہ ہم میں سے نہیں، ہم قائد اعظم کے پاکستان کے ساتھ ہیں۔

قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پراظہار خیال کرتےرشیدگوڈیل نےکہاکہ سیاست دانوں کو سوچنا چاہئے کہ آج چور لٹیرے کے ہم پر الزام کیوں لگتے ہیں،حقیقت ہےکہ ہم سب نے مل کر اس ملک کو لوٹا ہے، مجھ سمیت سب کااحتساب ہوناچاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اندر جذبہ حب الوطنی بیدار کرنے کیلئے ہرروز کارروائی سےپہلےقومی ترانہ پڑھناچاہئے۔

رشید گوڈیل نے کہاکہ یہاں سوال اٹھایا جاتاہے کہ کوئی پہلے میٹر ریڈر تھا، اب ارب پتی کیسے بنا، سوئٹزرلینڈ میں اکاؤنٹس کا معاملہ ہو یا دبئی، لندن اور امریکا سمیت دنیا بھرمیں جائیداد بنانے کا سب کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں ایک دوسرے پرانگلیاں اٹھائی جاتی ہیں،اپنے گریبان میں کوئی نہیں جھانکتا،سوچنا چاہئےکہ ہمیں بینک قرض کیوں نہیں دیتے اس لیے کہ ہم قرض لے کر واپس نہیں کرتے، ایسا قانون بننا چاہئےکہ پارلیمنٹ کا ممبر کوئی بزنس نہیں کرسکتا وہ صرف عوام کی خدمت کرے۔

رشید گوڈیل نے یہ بھی کہا کہ افواج دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں،کرپٹ اورچوروں کا بھی احتساب کریں لاکھ دو لاکھ کی چوری کرے اسے پھانسی پر چڑھا دیتے ہیں لیکن اربوں کھربوں والے کو چھوڑ دیا جاتا ہے، اگرکرپٹ افراد میری بھی جماعت میں ہیں توان کےخلاف کارروائی کری،غریب اور ایماندار لوگوں کو آگے لائیں چوروں کو پابند سلاسل کیا جائے۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے وسیم اخترشیخ نے کہاکہ ایک شخص اسپیکراسمبلی کو مانتا ہے نہ ملکی اداروں کو،وہ ایوان سے استعفیٰ دے، خود تین سو کنال کے گھر میں رہتاہے، جہازوں پر پھرتاہے،اس کا خرچہ اٹھانے کیلئے دائیں بائیں کرپٹ لوگ کھڑے ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس پارلیمنٹ کو گالیاں دیتاہے، وہ اتنا صادق وامین ہے تو ایوان میں آکر اقرار کرے کہ سیتا وائٹ اس کی بیٹی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری رانا افضل نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016 پیش کیاتواپوزیشن جماعتوں نے واک آؤٹ کردیا، نوید قمرکا مؤقف تھاکہ آرڈیننس جاری کرنے کے بجائے یہ بل کی شکل میں پارلیمنٹ میں لایا جانا چاہئے تھا، قومی اسمبلی کا اجلاس اب کل(جمعرات کو) ساڑھے دس بجے ہوگا۔

مزید خبریں :