11 ستمبر ، 2016
عیدالاضحی میں بس 2دن باقی رہ گئے ہیں اور جانوروں کی خریداری کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد مویشی منڈی میں اپنے پسند کے جانور کو قربانی کے لیے خرید رہی ہے ۔ عید قرباں میںکم وقت رہ جانے کے باعث بیوپاریوں کے بھی منہ کھل گئے ہیں۔
سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے ملک بھر کی طرح کراچی کی مویشی منڈیوں میں گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے،کوئی کم پیسوں میں اچھے بکرے اور گائے کو تلاش کررہا ہے اور کوئی صرف تفریحی کے لیے منڈی آیا ہے۔
شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اس لیے کہیں کوئی خریدار بکروں کے دانت پرکھتا دکھائی دے رہا ہے تو کسی کی تمام تر توجہ اس کے وزن اور خوبصورتی پر ہے۔
خریدار تگڑے جانور دیکھ کر خوشی کا اظہار تو کرتے ہیں لیکن جب ان کی قیمتیں سنتے ہیں تو ساری خوشی کافور ہوجاتی ہے۔
کراچی کی مویشی منڈی میں فنٹیسٹک فورنے دھوم مچا رکھی ہے۔ منڈی میں ہر طرح کے بکرے، دنبے، بیل اور گائے عید قرباں پر فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔