18 جون ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دو گروپوں کے مابین مسلح تصادم سے خاتون سمیت دو افراد ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے ، شہر کے دیگر علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید تین ہلاکتیں ہوئیں۔ پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں رینجرز کارروائی کے دوران گذشتہ روز پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے اے این پی کے کارکن لیاقت بنگش کے ساتھیوں نے پہلوان گوٹھ میں تعزیتی کیمپ لگایا تھا جس پر مبینہ طور پر مخالف گروپ کے افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک سیاسی کارکن امداد ہلاک جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ انہیں پہلے علاقے کے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ زخمی ہونے والوں میں سیاسی جماعت کے کارکن بھی شامل ہیں۔ مسلح تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی اور علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ قائد آباد تھانے کے علاقے شیرپاوٴ کالونی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کے دو کارکن افسر علی اور زبیر خان ہلاک ہوگئے۔ اسی علاقے میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں ایک سیاسی رہنما کا گن مین دلاور زخمی ہوگیا۔ سائٹ کے علاقے فرنٹیر کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔