Geo News
Geo News

خصوصی رپورٹس
22 ستمبر ، 2016

ملک کے 89 اضلاع میں کوئی اعلیٰ تعلیمی ادارہ نہیں

ملک کے 89 اضلاع میں کوئی اعلیٰ تعلیمی ادارہ نہیں

 

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک کے 89 اضلاع میں اعلیٰ تعلیمی ادارے موجود نہیں ،ایک سال میں مختلف جامعات میں31 پی ایچ ڈی اور26 ایم فل پروگرام بند کیے جا چکے ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 2006 سے اب تک ریسرچ پیپرز میں چربہ سازی کی 198 شکایات موصول ہوئی ہیں۔70 کیسز میں چربہ سازی ثابت ہوئی جس پر38 فیکلٹی ممبربلیک لسٹ ہوئے اورجرمانے عائد کئے گئے۔

چربہ سازی کے 6 کیسز عدالتوں میں ہیں،چربہ سازی ثابت ہونے پرامیدواراور سپروائزر کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 293 پروگرامز پر نظرثانی کے دوران ایک سال میں مختلف جامعات میں31 پی ایچ ڈی اور26 ایم فل پروگرام بند کیے ہیں۔

ملک بھر میں مختلف جامعات نے نئے کیمپس اور الحاق میں طریقہ کارکوملحوظ خاطرنہیں رکھا،سرگودھا یونیورسٹی نے 30 سے زائد الحاق شدہ کالجزسے الحاق ختم کیا ،2 یونیورسٹیاں اپنے ایکٹ کے مطابق پرنسپل کیمپس قائم نہیں کرسکیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے بتایا کہ تعلیمی سیکٹرمیں ابھی مزید 30 ہزار پی ایچ ڈیز درکار ہیں، بلوچستان میں 11 خیبرپختونخوا میں5، سندھ میں6، گلگت بلتستان میں6 ،پنجاب میں4 سے6 اور اسلام آباد میں 2نئی جامعات کاقیام عمل میں لایاجارہا ہے۔

مزید خبریں :