خصوصی رپورٹس
07 اگست ، 2017

شاہ رخ اپنے دیس میں ناکام، فلم کاپاکستان میں بڑا نام

شاہ رخ اپنے دیس میں ناکام، فلم کاپاکستان میں بڑا نام

کنگ خان کی فلم جب ہیری میٹ سیجل نے پاکستان میں دھوم مچا دی ہے۔ فلم کی ریلیز کے پہلے ہفتے میں کراچی ہو یا لاہوریا اسلام آباد، ملک میں جہاں جہاں فلم لگی پہلے تینوں دن شوز ہاوٴس فل رہے، بڑی تعداد ٹکٹ کے لیے لائن میں کھڑی رہی اور خالی ہاتھ واپس گئی۔

فلم نے صرف تین دن میں پاکستان میں تقریباً 7 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

پاکستان کے علاوہ برطانیہ، امریکا اور یو اے ای میں بھی شاہ رخ کا جادو خوب چلا۔ فلم نے بھارتی روپوں میں اب تک تقریباً دنیا بھر میں چار دنوں کے دوران 45 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔ فلم پر تنقیدی تبصروں اور تجزیوں نے شاہ رخ کی فلم کی اوپننگ پر کوئی فرق نہیں ڈالا۔

شاہ رخ کی فلم اپنے دیس میں ناکام ہوچکی ہے۔ فلم کی اوپننگ شاہ رخ کی ”فین“ سے بھی کم ہے و ہاں چار دن میں فلم کی کمائی 60 کروڑ کے آس پاس ہوچکی ہے۔

اس طرح اس فلم نے دنیا بھر میں تو 100 کروڑ کا چھکا لگالیا ہے۔ شاہ رخ ”ڈیئر زندگی“ میں تو مہمان اداکار تھے لیکن اگر اس فلم نے بھی صرف بھارت میں 100 کروڑ کا چھکا نہیں لگایا تو کنگ خان کیلئے زبردست کمرشل جھٹکا ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم نے اوپننگ ویک اینڈ میں شاہ رخ کی کمرشل مصالحہ انٹرٹینمنٹ فلم ”رئیس“ سے بھی زیادہ بزنس کیا لیکن اس کی وجہ پاکستان کا بزنس بنا کیونکہ رئیس پاکستان میں ریلیز نہیں ہوئی اور جب ہیری میٹ سیجل کا یہاں بزنس 15 کروڑ پاکستانی روپوں تک جانے کا امکان ہے۔

اگر ایسا ہوگیا تو یہ شاید اس سال بالی وڈ کی پاکستان میں کامیاب ترین فلم ہوگی کیونکہ سلمان کی اگلی فلم کے یہاں ریلیز ہونے کے امکان کم ہیں اور عامر کی ”سیکرٹ سپر اسٹار“ذرا ہٹ کر فلم ہے ۔

جب ہیری میٹ سیجل کی دنیا بھر کی کمائی میں شاہ رخ کی” فین “ سے تو شاید آگے نکل جائے کیونکہ فین کا دنیا بھر میں بزنس 200 کروڑ تک بھی نہیں پہنچ پایا تھا لیکن اس فلم کا رئیس کے قریب بھی پہنچنا ناممکن ہے۔ رئیس نے دنیا بھر سے 300 کروڑ کمائے تھے۔

انیل کپور کے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ دھمال بھی باکس آفس پر خوب چلا۔ اس فلم نے صرف اپنے دیس میں 10 دنوں میں 42 کروڑ کمالیے ہیں اور دنیا بھر میں اس فلم کا بزنس 75 کروڑ پاکستانی روپے ہوچکا ہے۔

ہالی وڈ کی بات ہو تو دنیا بھر میں ورلڈ وار 2 ڈرامہ ”ڈنکرک“ کا ہی راج ہے۔

کرسٹوفر نولن کی ڈائریکٹ کی ہوئی اس فلم نے دنیا بھر سے صرف 17 دنوں میں 33 ارب پاکستانی روپے لوٹ لیے ہیں۔ ان 33 ارب میں سے فلم نے صرف شمالی امریکا میں ہی 14ارب کی کمائی کی ہے۔

موبائل فون اور مختلف ایپس پر استعمال ہونے والے سمبلز کی اینیمیٹڈ فلم ”ایموجی“ نے 10 دنوں میں دنیا بھر سے 7 ارب کا بزنس کیا ہے۔

اس ہفتے شمالی امریکا کے باکس آفس پر نمبر ون فلم ”دی ڈارک ٹاور “ رہی لیکن اس فلم نے تین دنوں میں صرف 200کروڑ پاکستانی روپوں کا بزنس کیا ہے۔

مزید خبریں :